وزیراعلیٰ سندھ کی امریکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ سرمایہ کاری میں امریکن انویسٹرز کے لیے ڈیسک قائم کر دی


ویب ڈیسک July 29, 2026

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امریکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت پالیسیوں کے تسلسل، ریگولیٹری سہولت اور ہر ممکن حکومتی تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد سے اہم ترین ملاقات ہوئی جس میں امریکی سرمایہ کار، کاروباری شخصیات، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، میئر کراچی، سندھ حکومت کے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ توانائی، ٹیکنالوجی، انفرا اسٹرکچر، سیاحت، صحت اور زراعت میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو شفاف، مستحکم اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ پاکستان کی معیشت میں تقریباً 25 فیصد حصہ ڈالتا ہے، سندھ علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کا قدرتی گیٹ وے ہے۔

معاون خصوصی قاسم نوید نے سندھ کی معاشی صلاحیت اور سرمایہ کاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت ریگولیٹری اصلاحات اور ڈیجیٹل گورننس کے ذریعے کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر کے کوئلے، ونڈ اور سولر توانائی کے وسیع وسائل سندھ کی بڑی معاشی طاقت ہیں، کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم سندھ کو عالمی تجارت کا اہم مرکز بناتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کیٹی بندر انٹیگریٹڈ انڈسٹریل اینڈ میری ٹائم حب منصوبے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹراور گرین انرجی ڈیٹا سینٹرز سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع ہیں،۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں AI انفرا اسٹرکچر، صنعتی زونز، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور ڈی سیلینیشن منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ صحت، ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور ڈیجیٹل فنانس میں سرمایہ کاری کے روشن مواقع موجود ہیں، سندھ حکومت منصوبوں کی تیاری، منظوری اور عملدرآمد میں سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت دے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل ایشیا کے کامیاب ترین ماڈلز میں شامل ہے۔ تھر کول، شاہراہ بھٹو، این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک اور دیگر منصوبے سندھ کے کامیاب پی پی پی ماڈلز ہیں۔ سندھ حکومت اربوں ڈالر کے نئے سرمایہ کاری منصوبے نجی شعبے کے لیے پیش کر رہی ہے۔

دھابیجی اسپیشل اکنامک زون، صنعتی پارکس اور آبی زراعت میں سرمایہ کاری کے مواقع امریکی وفد کو پیش کیے گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سمندری خوراک کی برآمدات، گرین ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر اور سیاحتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

امریکی کاروباری وفد نے سندھ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا اور قابلِ تجدید توانائی، اے آئی، ڈیٹا سینٹرز، فن ٹیک اور ہیلتھ سیکٹر میں دلچسپی ظاہر کی۔

سندھ کی اسٹریٹجک لوکیشن، وسیع مارکیٹ اور صنعتی انفرا اسٹرکچر سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

امریکی وفد نے سندھ کے پی پی پی فریم ورک اور پالیسیوں کے تسلسل کو سرمایہ کاری کے لیے مثبت قرار دیا جبکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر مزید مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور امریکی سرمایہ کار قابلِ عمل منصوبوں کی نشاندہی کے لیے قریبی رابطہ رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے نئے منصوبے روزگار، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔

سید مراد علی شاہ نے سندھ اور امریکا کے درمیان طویل المدتی معاشی شراکت داری کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب شراکت داری اعتماد، جدت اور باہمی فائدے پر قائم ہوتی ہے، سندھ اور امریکا کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ سرمایہ کاری میں امریکن انویسٹرز کے لیے ڈیسک قائم کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیسک امریکا کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرے گی۔