ایلون مسک نے اپنے ’ایوری تھنگ ایپ‘ کے خواب کو ایک اور بڑی کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے ایکس منی کو 28 جولائی سے امریکا بھر میں لانچ کر دیا ہے۔ اب ایکس کے پریمیئم اور پریمیئم+ صارفین سوشل میڈیا پلیٹ فارم چھوڑے بغیر بینکنگ اور مالیاتی خدمات استعمال کر سکیں گے۔
ایکس منی کے ذریعے صارفین رقم جمع کر سکتے ہیں۔ ایکس ہینڈلز کے ذریعے بغیر کسی ٹرانسفر فیس کے ایک دوسرے کو پیسے بھیج سکتے ہیں، بل ادا کر سکتے ہیں، وائر ٹرانسفر کر سکتے ہیں اور حتیٰ کہ فزیکل چیک بھی بھجوا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین کو ویزا ڈیبٹ کارڈ بھی فراہم کیا جائے گا، جو عام بینک کارڈ کی طرح استعمال ہو سکے گا۔
کمپنی کے مطابق صارفین کی رقوم کراس ریور بینک میں محفوظ رکھی جائیں گی جو ایف ڈی آئی سی سے منسلک بینک ہے۔ اس کے تحت فی صارف ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر تک کے ڈپازٹس کو ایف ڈی آئی سی انشورنس حاصل ہوگی جبکہ مخصوص شرائط کے تحت کیش سوئیپ پروگرام کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ امریکی ڈالر تک پاس تھرو ایف ڈی آئی سی تحفظ بھی دستیاب ہو سکتا ہے۔
پریمیئم +صارفین کو اہل ڈپازٹس پر 6 فی صد سالانہ منافع (اے پی وائی) فوری طور پر ملے گا جبکہ پریمیئم صارفین براہِ راست ڈپازٹ کی شرط پوری کرنے کے بعد اسی شرح سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
سیکیورٹی کے لیے ایکس منی میں روایتی پاس ورڈز کی جگہ پاس کیز متعارف کرائی گئی ہیں، جن کا مقصد صارفین کو پاس ورڈ چوری اور سائبر حملوں سے بہتر تحفظ فراہم کرنا ہے۔
ایکس منی کو ایلون مسک کی جانب سے ایکس کو ایک مکمل ’ایوری تھنگ ایپ‘ بنانے کی سمت میں اب تک کا سب سے بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں سوشل میڈیا، ادائیگیاں اور بینکاری ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔