دانش اسکولوں کے اساتذہ کی تربیت کیلئے عالمی معیار کا انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی منظوری

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، دانش اسکولوں کو الاٹ تمام زمینیں دانش اسکول اتھارٹی کے نام ٹرانسفر کرنے کی بھی منظوری


ویب ڈیسک July 29, 2026

اسلام آباد:

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت دانش اتھارٹی بورڈ کا پہلا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس میں بورڈ ارکان اور شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ 

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک بھر میں 29 دانش اسکولز مجوزہ ہیں جن میں سے 15 منظور اور 13 پر کام جاری ہے، جبکہ دانش اسکول کُری اسلام آباد میں کلاسز کا آغاز ہو چکا ہے۔

بورڈ اجلاس کو بتایا گا کہ آزاد کشمیر کے باغ اور بھبمر جبکہ گلگت بلتستان کے گھانچھے، سلطان آباد اور استور میں دانش اسکولز کی تعمیر دسمبرتک مکمل ہو جائے گی اور کلاسز کا آغاذ اپریل 202ء میں ہوگا۔

دانش اتھارٹی بورڈ نے دانش اسکولوں کے اساتذہ کی تربیت کیلئے بین الاقوامی معیار کا ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کی منظوری دی۔ قیام کے بعد یہ ادارہ پاکستان بھر کے تربیتی اداروں کیلئے ماڈل ادارہ ہو گا۔

اجلاس کو دانش اتھارٹی کے مجوزہ انتظامی ڈھانچے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اتھارٹی کے انتظامی ڈھانچے کو مختصر رکھا جائے اور اس پر کم سے کم وسائل خرچ کیے جائیں۔ 

بورڈ اجلاس نے دانش اسکول اتھارٹی رولز، مینیجنگ ڈائریکٹر رولز اور دیگر قواعد  کی اصولی منظوری دی جس کے بعد ضابطے کی ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی۔

اسی طرح اجلاس نے دانش اسکولوں کو الاٹ کی گئی تمام زمین دانش اسکول اتھارٹی کے نام ٹرانسفر کرنے کی بھی منظوری دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس اہم ذمہ داری کو قبول کرنے پر بورڈ کے ارکان کا تہہ دل سے مشکور ہوں، معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، دانش اسکولز کی بنیاد اسی فلسفے کی پیروی کرتے ہوئے رکھی، جس میں غریب اور مستحق طلباء کو میرٹ پر داخلہ اور تعلیم دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام زیر تعمیر دانش اسکولوں کو معینہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے، تمام زیر تعمیر اور نئے دانش اسکولز میں طلباء و طالبات کے لیے سو فیصد بورڈنگ کی سہولت فراہم کی جائے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے دانش اسکولز میں آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیکنالوجیز کی ٹریننگ نصاب کا لازمی جزو قرار دی جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نصاب میں پراجیکٹ اور اسکل بیسڈ لرننگ کے ساتھ ساتھ طالب علموں کی شخصیت نکھارنے کیلئے بھی کورسز شامل کئے جائیں۔

اجلاس میں دانش اسکولز اتھارٹی کے ممبران کو حالیہ پیش رفت و کارکردگی پر جائزہ رپورٹ پیش کی گئی۔