کراچی میں ہیوی ٹریفک نے ایک اور گھر اجاڑ دیا

گلشن حدید موڑ پر ٹرالر کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 17 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا


شاہ میر خان July 29, 2026

کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حادثات کا سلسلہ جاری ہے جس میں ایک اور گھر اجڑ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیل ٹاؤن میں گلشن حدید موڑ کے قریب ٹرالر کی موٹرسائیکل کو ٹکر کا حادثہ پیش آیا۔

حادثے کے وقت موٹرسائیکل پر 2 افراد سوار تھے جن میں سے ایک زخمی جبکہ دوسرا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 17 سالہ عثمان سکنہ شاہ لطیف ٹاؤن سے ہوئی جبکہ زخمی کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ریسکیو رضاکاروں نے لاش اور زخمی کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

اسٹیل ٹاون پولیس کےمطابق حادثے کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرکے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرالر تحویل میں لے لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔