واشنگٹن:
امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے جواب میں ایران کے خلاف فضائی کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کے خلاف جوابی آپریشن کیا ہے۔
سینٹکام کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کو درپیش خطرات اور حالیہ حملوں کے ردعمل میں کی گئی۔
تاہم امریکی حکام نے فوری طور پر حملوں کی نوعیت اور نشانہ بنائے گئے مقامات کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں۔
امریکی میڈیا سے وابستہ ایک رپورٹر نے سینیئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج ایران کے اندر موجود اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے صوبہ خوزستان کے ایک سکیورٹی عہدیدار نے بتایا ہے کہ امریکی حملوں میں آبادان کے کچھ مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
خوزستان کے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے امور کے نائب گورنر نے ان مقامات کی تفصیلات یا ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
دوسری جانب ایک اور ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے جنوبی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں تاہم فوری طور پر ان دھماکوں کی نوعیت یا نقصان سے متعلق معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اردن میں گزشتہ روز امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں کے بعد سخت ردعمل کا انتباہ دیا تھا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
امریکی صدر کے مطابق اردن میں امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے میزائلوں کو امریکی دفاعی نظام نے فوری طور پر ناکام بنا دیا تھا۔