روسی میڈیا پلیٹ فارمز پر ریاض ایئرپورٹ بند کرنے کی خبر جھوٹ نکلی

صرف ایک رن وے کو عارضی طور پر بند کیا گیا، ایئرپورٹ حکام


ویب ڈیسک July 30, 2026

ریاض:

سوشل میڈیا اور بعض روسی میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی یہ خبر کہ ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے درست ثابت نہیں ہوئی۔ دستیاب سرکاری فضائی معلومات کے مطابق ایئرپورٹ معمول کے مطابق فعال ہے اور پروازوں کی آمدورفت جاری ہے۔

ہوابازی سے متعلق جاری کیے گئے سرکاری نوٹس ٹو ایئر مشنز نوٹم کے مطابق صرف ایک رن وے 15L/33R کو محدود مدت کے لیے عارضی طور پر بند کیا گیا ہے جبکہ دیگر رن ویز، ٹرمینلز اور فلائٹ آپریشنز معمول کے مطابق جاری ہیں۔

اب تک سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن یا ریاض ایئرپورٹس کمپنی کی جانب سے ایسا کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا جس میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی مکمل بندش کی تصدیق کی گئی ہو۔

ہوابازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی ایک رن وے کی عارضی بندش ایک معمول کا آپریشنل عمل ہوتا ہے جو دیکھ بھال، تکنیکی معائنے یا حفاظتی اقدامات کے تحت کیا جاتا ہے۔

اس مقصد کے لیے نوٹم جاری کیا جاتا ہے تاکہ فضائی کمپنیوں اور پائلٹس کو پیشگی آگاہ کیا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق ایک رن وے کی عارضی بندش کو پورے ایئرپورٹ کی بندش قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔ اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوے درست معلومات پر مبنی نہیں اور ان کی سرکاری سطح پر کوئی تصدیق موجود نہیں۔