کرن جوہر آج کس مشہور شخص کی وجہ سے کامیاب ہیں؟ فلم میکر نے بڑا انکشاف کر دیا

انہوں نے تمام اساتذہ اور رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو خاموشی سے دوسروں کی زندگیاں بدل دیتے ہیں۔


ویب ڈیسک July 30, 2026

معروف بھارتی فلم ساز کرن جوہر نے گرو پورنیما کے موقع پر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور سینئر فلم ساز ادتیہ چوپڑا کے نام ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

کرن جوہر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر تینوں کی پرانی تصاویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے پیار بھرا کیپشن بھی لکھا۔

اس پوسٹ کے زریعے انہوں نے اپنے فلمی سفر کے ابتدائی دنوں کی یادیں تازہ کیں اور بتایا کہ ادتیہ چوپڑا اور شاہ رخ خان نے ان پر اس وقت اعتماد کیا جب وہ خود بھی اپنے آپ پر یقین نہیں رکھتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے روانگی سے ایک رات قبل ادتیہ چوپڑا نے انہیں فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

کرن کے مطابق ابتدا میں وہ گھبرا گئے کیونکہ انہوں نے کبھی فلم کے سیٹ پر کام نہیں کیا تھا، تاہم اگلے دن انہوں نے اپنے والد، مرحوم یش جوہر سے اجازت مانگی۔ والد نے بھی انہیں سخت محنت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’صرف جذبہ ہی تمہیں ایک اچھا ہدایتکار بنا سکتا ہے‘۔

کرن جوہر نے اپنی پوسٹ میں شاہ رخ خان کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایک یادگار گفتگو کا بھی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران اداکار نے ان سے کہا کہ جب کرن اپنی پہلی فلم بنائیں گے تو وہ اس میں ضرور کام کرنا چاہیں گے۔

کرن نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں انہیں لگا کہ شاہ رخ مذاق کر رہے ہیں مگر انہوں نے اپنا وعدہ نبھایا اور بعد ازاں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس فلم نے کرن جوہر کو بطور ہدایتکار ایک نئی شناخت دی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ ادتیہ چوپڑا اور شاہ رخ خان نے اس وقت ان پر اعتماد کیا، جب وہ خود اپنی صلاحیتوں پر یقین نہیں رکھتے تھے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر کرن جوہر نے دونوں شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے تمام اساتذہ اور رہنماؤں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو خاموشی سے دوسروں کی زندگیاں بدل دیتے ہیں۔