ایک سانس میں پانی کے اندر 86 پش اپس، یوگا ٹیچر نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

38 سالہ کمل کلوئی نے یہ منفرد کارنامہ ویتنام کے ایک سوئمنگ پول میں انجام دیا


ویب ڈیسک July 30, 2026

ویتنام میں مقیم بھارتی یوگا ٹیچر نے اپنی غیر معمولی جسمانی صلاحیت اور سانس پر قابو پانے کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانی کے اندر ایک ہی سانس میں 86 پش اپس لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

38 سالہ کمل کلوئی نے یہ منفرد کارنامہ ویتنام کے ایک سوئمنگ پول میں انجام دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کیلستھینکس ورزشوں اور سانس روکنے کی خصوصی تربیت نے انہیں اس مشکل چیلنج کو مکمل کرنے کے قابل بنایا۔

کمل کلوئی اس سے قبل بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ 2020 میں انہوں نے پانی کے اندر مسلسل 21 یوگا آسن انجام دے کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروایا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کمل کلوئی نے کہا کہ انہیں ہمیشہ کچھ منفرد کرنے کا شوق رہا ہے۔ ان کے مطابق جب بھی وہ کسی شخص کو عالمی ریکارڈ قائم کرتے یا کوئی غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے دیکھتے تھے تو انہیں بھی کچھ نیا کرنے کا حوصلہ ملتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ طویل عرصے کی مشق، جسمانی فٹنس اور سانس کو قابو میں رکھنے کی تربیت نے انہیں اس اعزاز تک پہنچایا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام نے کمل کلوئی کی جانب سے فراہم کیے گئے شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پانی کے اندر 86 پش اپس کے اس منفرد کارنامے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔