امریکی فوج نے ایران کے حملے میں اردن میں ایف-35 جنگی طیارے تباہ ہونے کی تردید کردی

ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرون فضا میں ناکارہ بنائے گئے یا ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے، سینٹکام


ویب ڈیسک July 30, 2026
فوٹو فائل

امریکی فوج نے ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے اردن کے ال ازرق ایئربیس پر 3 ایف-35 جنگی طیارے تباہ کرنے کے دعوؤں کی تردید کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بیان میں کہا کہ ایران کے حالیہ حملوں کی کوششوں میں کوئی امریکی جنگی طیارہ تباہ نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی نقصان پہنچا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تمام میزائل اور ڈرونز فضا میں ہی ناکارہ بنادیے گئے یا ہدف تک پہنچنے میں ناکام ہوگئے تھے۔

سینٹکام نے آبنائے ہرمز سے امریکی ناکابندی کے دوران ایران کی کارروائی کے نتیجے میں کمرشل آئل ٹینکر نورا کو نقصان پہنچنے کی خبر بھی مسترد کردی۔

امریکی فوج نے کہا کہ ناکابندی کو مکمل طور پر نافذ رکھنے کے لیے امریکا کے 20 سے زائد جنگی جہاز، سیکڑوں طیارے اور ہزاروں فوجی بدستور مستعد ہیں اور ناکابندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اردن کے ال ازرق ایئربیس پر حملے میں 3 ایف-35 اسٹیلتھ جنگی طیارے تباہ کردیے گئے ہیں۔

پاسداران انقلاب نے کہا تھا کہ ال ارزق ایئربیس پر ڈیولپمنٹ ریمپ اور مینٹیننس ہینگر پر موجود امریکی ایف -35 جنگی طیاروں پر حملہ کیا اور کئی بیلسٹک میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں3 ایف-35 جنگی طیارے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ حملے میں بیس پر موجود دیگر تین ایف-35 جنگی طیاروں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔