لیاری میں فائرنگ سے گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کا بھائی شدید زخمی، 2 راہ گیروں کو بھی گولیاں لگیں

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیلی اور عوام کی بڑی تعداد اسپتال پہنچی تاہم پولیس نے صورت حال پر قابو پالیا


منور خان July 30, 2026

کراچی کے علاقے چاکیواڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کا بھائی اور دو راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ مرزا آدم خان روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کا بھائی شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر دیگر 2 افراد راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیلی اور لوگوں کی بڑی تعداد سول اسپتال بھی پہنچ گئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ صورتحال پر قابو پالیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق زخمی ہونے والا زبیر بلوچ ، لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کا بھائی بتایا جارہا ہے جس کی مزید تصدیق و تحقیقات کی جارہی ہے۔

ایس ایچ او چاکیواڑہ کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت 43 سالہ عبدالرؤف اور 18 سالہ ابوبکر کے نام سے کی گئی۔