پہلے ہتھیار کون ڈالے گا؟ غزہ امن معاہدے کی اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

تاحال اسرائیل کی جانب سے اس معاہدے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے


ویب ڈیسک July 31, 2026

غزہ میں جنگ کے خاتمے اور مستقبل کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں چار صفحات پر مشتمل ایک مجوزہ روڈ میپ سامنے آیا ہے۔ دستاویز کے مطابق حماس کی مرحلہ وار غیر مسلحی، اسرائیلی افواج کے بتدریج انخلا اور نئی فلسطینی عبوری انتظامیہ کے قیام کو ایک دوسرے سے مشروط کیا گیا ہے۔

منصوبے کے مطابق ہر مرحلہ اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک دوسرا فریق اپنی متعلقہ ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس پورے منصوبے کو زیرو ٹرسٹ صرف تصدیق کے اصول پر تیار کیا گیا ہے یعنی کسی بھی فریق پر اندھا اعتماد نہیں کیا جائے گا اور ہر پیش رفت کی باقاعدہ جانچ پڑتال ہوگی۔

دستاویز کے مطابق ابتدا میں غزہ میں سرگرم چھوٹے مسلح گروپوں کو غیر مسلح کیا جائے گا جس کے بعد حماس اپنے فوجی ڈھانچے کو ختم کرنے کا عمل شروع کرے گی۔

اس میں سرنگوں کا نیٹ ورک، اسلحہ کے ذخائر اور ہتھیار بنانے کی تنصیبات شامل ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ مرحلہ دیگر مراحل کے مقابلے میں زیادہ وقت لے سکتا ہے۔

روڈ میپ میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد غزہ میں قائم ہونے والی نئی فلسطینی عبوری اتھارٹی کو اسلحے پر مکمل اختیار حاصل ہوگا جبکہ ایک بین الاقوامی استحکام فورس بھی عبوری دور میں امن و امان برقرار رکھنے میں معاونت کرے گی۔

تاہم اسرائیل نے تاحال اس مجوزہ منصوبے یا اس کی تفصیلات پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا ہے جس کے باعث اس منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے کئی سوالات بدستور موجود ہیں۔