حکومت سندھ اور آغا خان یونیورسٹی کا خصوصی افراد کیلیے معیاری تعلیم کے فروغ پر اتفاق

حکومت اور اعلیٰ تعلیمی ادارے باہمی تعاون سے ایک جامع، منصفانہ اور علم پر مبنی مستقبل کی بنیاد رکھیں گے، وزیراعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک July 31, 2026

کراچی:

حکومت سندھ اور آغا خان یونیورسٹی کے درمیان خصوصی افراد کے لیے معیاری تعلیم کے فروغ پر اتفاق طے پاگیا۔

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت حکومتِ سندھ اور آغا خان یونیورسٹی کے درمیان خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر بچے کو بلاامتیاز معیاری تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے خصوصی افراد کے لیے جامع تعلیمی نظام کے قیام کو سماجی ترقی میں اہم سنگِ میل قرار  دیتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے تحت آغا خان یونیورسٹی میں اسپیشل ایجوکیشنل نیڈز (ایس ای این) یونٹ قائم کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ایس ای این یونٹ اساتذہ کی تربیت، تحقیق، پالیسی سازی اور خصوصی تعلیم میں جدت کا مرکز بنے گا۔ یہ معاہدہ محض ایک دستاویز نہیں بلکہ خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری ہے۔

اس موقع پر آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے خصوصی افراد کیلیے مساوی تعلیمی مواقع کو معاشرتی ترقی کیلیے ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی سندھ حکومت کے ساتھ مل کر جامع تعلیمی نظام کے فروغ کیلیے کردار ادا کرے گی۔

دستخط کی تقریب کے موقع پر ڈپارٹمنٹ آف ایمپاورمنٹ آف پرسنز وِد ڈس ایبلٹیز (ڈی ای پی ڈی) کے سیکریٹری طاحہٰ احمد فاروقی نے معاہدے کے اغراض و مقاصد اور مجوزہ اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت خصوصی تعلیم، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، تحقیق اور عوامی آگاہی کے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ 5 سالہ معاہدے کے تحت خصوصی افراد کی تعلیم کیلیے ادارہ جاتی استعداد بڑھانے اور پالیسی معاونت فراہم کی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ معاہدے کی مالیت 43 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد ہے ۔ حکومت سندھ 27 کروڑ 85 لاکھ جبکہ آغا خان یونیورسٹی 16 کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد کا حصہ ڈالے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کو ایسا صوبہ بنائیں گے جہاں ہر بچہ قابلِ قدر، ہر طالب علم بااختیار اور ہر شہری کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں گے۔ خصوصی افراد کی شمولیت اور بااختیاری سندھ حکومت کے انسانی ترقی کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ آج کا دن ہماری مشترکہ جدوجہد میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ ہم ایک مستحکم سندھ کی تشکیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص سماج کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ یہ شراکت داری صرف  سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ انسانیت کا معیار اور پائیدار ترقی کی بنیادی شرط ہے۔ آغا خان یونیورسٹی نے ایک بار پھر سندھ حکومت کے ساتھ ایک نہایت اہم مقصد کے لیے تعاون کا ہاتھ بڑھایا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی ای ڈی نے اساتذہ کی تربیت، تعلیمی تحقیق، جدت طرازی اور تعلیمی پالیسی سازی کے شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیاہے۔ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے  میں انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ڈولپمنٹ (آئی ای ڈی) کا طویل اور قابلِ قدر کردار  اسے  ایک مثالی شراکت دار بناتا ہے۔ سندھ حکومت نے ہمیشہ انسانی ترقی اور سماجی شمولیت کو اپنی حکمرانی کے بنیادی ستونوں میں شامل رکھا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ  سندھ حکومت نے  خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنایاہے ۔ ہماری حکومت نے رسائی، کمیونٹی اقدامات اور ادارہ جاتی اصلاحات کو بھی ترجیح دی ہے۔ اس اقدام سے خصوصی افراد سماج میں مکمل اور باوقار انداز میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ یہ اقدام نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کے لیے ایک مثالی نمونہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اعلیٰ تعلیمی ادارے باہمی تعاون  سے ایک جامع، منصفانہ اور علم پر مبنی مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔ حکومتِ سندھ فلاحی کاموں کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون  ہمیشہ جاری رکھے گی۔ یہ مفاہمتی یادداشت باوقار سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ سندھ کو علم، تحقیق اور جدید تعلیم کا گہوارہ بنائیں گے۔ ڈی ای پی ڈی کو انسانی بہتری کے اس وژن اور عزم پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ۔

آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی افراد کی تعلیم کے فروغ کیلیے آغا خان یونیورسٹی کی خدمات اور تعاون کو سراہا۔