غازیٔ ملت و بانی کشمیر سردار محمد ابراہیم خان کی 23 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

سردار ابراہیم نے ڈوگرہ راج کیخلاف مزاحمت کو ایک واضح سیاسی اور آئینی سمت فراہم کی


ویب ڈیسک July 31, 2026

غازیٔ ملت و بانی کشمیر سردار محمد ابراہیم خان کی 23 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

سردارمحمد ابراہیم خان کی سیاسی بصیرت، آئینی جدوجہد اور سفارتی خدمات تاریخ کشمیر کا اہم باب ہیں، وہ صرف ایک عوامی رہنما نہیں تھے بلکہ آزاد جموں و کشمیر کی ریاستی، آئینی اور ادارہ جاتی بنیاد رکھنے والے معمار تھے۔

ان کی قیادت نے ڈوگرہ راج کیخلاف مزاحمت کو ایک واضح سیاسی اور آئینی سمت فراہم کی جس نےآزاد جموں و کشمیر کے قیام کی بنیاد رکھی، 19جولائی1947 کو سردار محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی۔

پونچھ کی تاریخی تحریک آزادی انہی کی قیادت میں کامیاب ہوئی اور24 اکتوبر 1947 کو آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرکے قیام کا اعلان کیا گیا، پانچ دہائیوں تک سردار محمد ابراہیم خان نے آزاد جموں و کشمیرکے جدید ریاستی اور انتظامی ڈھانچے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔

سردارمحمد ابراہیم خان نے 1949کے تاریخی کراچی معاہدے پردستخط کیے،عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا، سردارمحمد ابراہیم خان کا انتقال 31 جولائی 2003 کو اسلام آباد میں ہوا اور آپکی راولاکوٹ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی، غازیٔ ملت کی آئینی، سیاسی اور سفارتی خدمات آج بھی تاریخ کا روشن باب ہیں۔