لاہور:
اسموگ تدارک مہم کے تحت سی ٹی او لاہور نے اب دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گیں، انسانی صحت اور عوامی تحفظ کے لیے سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
بغیر ترپال مٹی، ریٹ والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا شہر لاہور میں داخلہ بند ہے، خلاف ورزی پر 1013 مقدمات درج کروائے گئے۔ شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ 45 اسپیشل ٹیمیں بھی تعینات ہیں۔
رواں ماہ دھواں چھوڑنے پر 3649 اور آلودگی کا باعث بننے والی 2183 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بغیر فٹنس اور خستہ حال 06ہزار 820 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، بغیر ترپال، پانی و دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر ٹریکٹر ٹرالی چلنے کی اجازت نہیں۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا چالان کیا جا رہا ہے، اسموکی وہیکلز کی درستگی کے لیے متعدد سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو مراسلے جاری، اب کارروائی ہوگی، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رہے گی۔