کراچی میں بارشوں کا آغاز کب ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

خلیجِ بنگال میں موجود ہوا کا شدید کم دباؤ مزید شدت اختیار کر کے ’’ڈیپ ڈپریشن‘‘ میں تبدیل ہو چکا ہے


ویب ڈیسک July 31, 2026

کراچی:

خلیجِ بنگال میں بننے والے ہوا کے شدید کم دباؤ (ڈیپ ڈپریشن) کے زیرِ اثر مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں جس کے سبب کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال میں موجود ہوا کا شدید کم دباؤ مزید شدت اختیار کر کے ’’ڈیپ ڈپریشن‘‘ میں تبدیل ہو چکا ہے۔

مون سون کی طاقتور ہواؤں کے سبب کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں آج رات سے بارش کی پیش گوئی ہے، 2 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 اگست تک کراچی کے چند مقامات پر درمیانی سے شدید موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ تھر پارکر، عمر کوٹ، میرپور خاص، بدین، ٹنڈو محم دخان اور سانگھڑ میں بھی بادل جم کر برسیں گے جبکہ حیدرآباد، گھوٹکی، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، لاڑکانہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

شہر قائد کا مطلع آج جزوی ابر آلود ہے اور آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہیں، موسم خوشگوار مگر حبس کی فضاء بھی برقرار ہے۔ آج شہر کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29.0 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، صبح کے وقت درجہ حرارت 30 اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا۔

کراچی میں اس وقت مغرب اور جنوب مغرب سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات بروقت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔