ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی دو بڑی فضائی کمپنیوں اتحاد ایئرویز اور ایئر عربیہ نے آپریشنل وجوہات کے باعث بحرین، کویت اور سعودی عرب کے لیے اپنی متعدد پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ایئرلائنز نے جمعہ، 31 جولائی کو سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب ایمریٹس اور فلائی دبئی نے تاحال اپنے فلائٹ شیڈول میں کسی بڑی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا اور دونوں ایئرلائنز معمول کے مطابق اپنی پروازیں چلا رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری سکیورٹی خدشات اور علاقائی کشیدگی کے پیش نظر فضائی کمپنیاں صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنے آپریشنز میں تبدیلیاں کر رہی ہیں۔
اگرچہ متحدہ عرب امارات میں کمرشل فضائی آپریشنز مجموعی طور پر معمول کے مطابق جاری ہیں، تاہم بعض بین الاقوامی روٹس پر آپریشنل تبدیلیوں کے باعث شیڈول متاثر ہوا ہے۔
ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث فضائی کمپنیوں کی اولین ترجیح مسافروں اور عملے کی حفاظت ہے، اسی لیے سکیورٹی خدشات کی صورت میں پروازوں کے اوقات یا روٹس میں تبدیلی یا منسوخی جیسے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔
متاثرہ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ یا کسٹمر سروس سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ پروازوں سے متعلق تازہ معلومات حاصل کی جا سکیں۔