سپریم کورٹ کے تکنیکی وفد کا چین کا سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل

وفد نے سپریم پیپلز کورٹ آف چین کے سینئر حکام سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں


ویب ڈیسک July 31, 2026

اسلام آباد:

سپریم کورٹ کے تکنیکی وفد نے چین کا سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل کر لیا۔

سپریم کورٹ  کا تکنیکی وفد 26 سے 30 جولائی 2026 تک سپریم پیپلز کورٹ آف چین کے سرکاری دورے پر رہا جس کی قیادت نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کے چیئرمین جسٹس محمد علی مظہر نے کی، وفد میں سپریم کورٹ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکشن کے افسران شامل تھے۔

پاکستانی وفد نے سپریم پیپلز کورٹ آف چین کے سینئر حکام سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں، وفد نے جسٹس لیو گوئی شیانگ، ڈائریکٹر ڈوان نونگ گین، ہی فان اور چن چی وی سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا، چینی حکام نے ٹیکنالوجی پر مبنی عدالتی نظام، مقدمات کے انتظام اور عدالتی نظم و نسق کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔

وفد نے فاکسن ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی اور پبلشنگ ہاؤس کے حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، جبکہ لیگل انفارمیشن انٹیلیجنٹ اچیومنٹ پریزنٹیشن ہال اور ڈیجیٹل کورٹ لیبارٹری کا دورہ کیا، بیجنگ انٹرنیٹ کورٹ اور شی چینگ ڈسٹرکٹ کورٹ کے لٹیگیشن سروس ہال کا بھی معائنہ کیا۔

چینی ماہرین نے مصنوعی ذہانت، ای فائلنگ، ڈیجیٹل عدالتی انفراسٹرکچر اور ذہین کیس مینجمنٹ سسٹمز کا عملی مظاہرہ کیا، وفد نے ڈیٹا پر مبنی عدالتی انتظام اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کے جدید ماڈلز کا جائزہ لیا۔

دورے سے عدالتی اور انتظامی امور میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق قیمتی تجربات حاصل ہوئے، وفد نے پاکستان کے قانونی اور ادارہ جاتی تقاضوں کے مطابق قابلِ عمل بہترین طریقہ کار کی نشاندہی کی۔

اس دورے سے دونوں اعلیٰ عدالتوں کے درمیان عدالتی تعاون، تکنیکی استعداد، علم کے تبادلے اور باہمی سیکھنے کے عمل کو مزید تقویت ملی، سپریم کورٹ آف پاکستان نے ٹیکنالوجی کے ذریعے انصاف کی فراہمی کو مزید مؤثر، شفاف، قابلِ رسائی اور عوام دوست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔