راولپنڈی:
راولپنڈی میں 2 اگست کو آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین نشستوں پر ہونے والے عام انتخابات کے لیے پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر 3100 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زائد ٹریفک اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔
راولپنڈی میں مجموعی طور پر 100 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 18 کو کیٹیگری اے، 45 کو کیٹیگری بی اور 37 کو کیٹیگری سی میں رکھا گیا ہے۔
کیٹیگری اے کے تمام 18 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں راولپنڈی پولیس کے 100 اہلکار خصوصی طور پر سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
حساس پولنگ اسٹیشنز کے سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی سے منسلک کیا گیا ہے، جہاں سے مسلسل نگرانی کی جائے گی، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولیس سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
پولنگ اسٹیشنز تھانہ سٹی، گنجمنڈی، رتہ امرال، پیرودھائی، وارث خان، بنی، نیوٹاؤن، صادق آباد، چکلالہ، سول لائنز، کینٹ، ریس کورس، ٹیکسلا، واہ کینٹ، صدر بیرونی، دھمیال، چکری، چونترہ، روات، مندرہ، گوجرخان، جاتلی، کلر سیداں اور کہوٹہ کے علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں۔
پولنگ میٹریل کی محفوظ ترسیل کے لیے جامع ٹرانسپورٹ پلان ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی ریسپانس، سول ڈیفنس اور ٹریفک پلان بھی تیار کیے گئے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایت پر انتظامی اور پولیس افسران کے اجلاس بھی جاری ہیں تاکہ انتخابی عمل کے تمام مراحل کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
الیکشن ڈیوٹی کی مجموعی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کریں گے، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ذمہ داری براہِ راست سی پی او حسن مشتاق سکھیرا خود سرانجام دیں گے۔
سی پی او نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور تمام قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور انتخابی عمل کی تکمیل تک فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔