بی آر ٹی ریڈ لائن کیس میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی بھی نیب کے ریڈار پر آگئے

اینٹی کرپشن عدالت نے نیب کو ضمیر عباسی کا جیل میں بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دیدی


ویب ڈیسک July 31, 2026

کراچی:

بی آر ٹی اینٹی کرپشن عدالت نے نیب کو ضمیر عباسی کا جیل میں بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دیدی۔

ملزم سے بورڈ آف ریونیو افسران اور دیگر کیخلاف سرکاری اراضی پر مبینہ قبضوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ اسلامی ایجوکیشن ٹرسٹ، سحرانپور اور شپ یارڈ ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق نیب کی تحقیقات میں اہم پیش رفت بھی سامنے آئی ہے۔

نیب کا مؤقف ہے کہ ضمیر عباسی کو تحقیقات سے متعلق اہم حقائق کا علم ہے۔ سرکاری و عوامی اراضی پر مبینہ قبضے، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات جاری ہیں۔

ضمیر عباسی پہلے ہی بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے مقدمے میں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ بی آر ٹی منصوبے میں ٹھیکیدار کو 8 ارب 50 کروڑ روپے پیشگی ادائیگی کا الزام ہے۔

عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو نیب سے مکمل تعاون کرنے کا حکم دیدیا۔