آئی پیک گروپ کا یورپی مارکیٹ میں توسیع کا اعلان

پرتگال میں ذیلی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ


ویب ڈیسک July 31, 2026

انٹرنیشنل پیکیجنگ فلمز لمیٹڈ (آئی پیک) نے یورپی مارکیٹ میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے پرتگال میں اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ مجوزہ ذیلی کمپنی آئی پیک کنیکٹ پیکیجنگ میٹریلز ٹریڈنگ ایف زیڈ سی او (IPAK Connect Packaging Materials Trading FZCO) کے ذریعے قائم کی جائے گی، جو متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں قائم آئی پیک گروپ کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے۔

رجسٹریشن کے بعد پرتگال میں قائم ہونے والی یہ کمپنی آئی پیک گروپ کا حصہ ہوگی اور یورپی یونین میں گروپ کے تجارتی پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دے گی۔ اس منصوبے پر عمل درآمد تمام متعلقہ قانونی، ریگولیٹری اور کارپوریٹ منظوریوں سے مشروط ہوگا۔

یہ توسیع آئی پیک گروپ کی بین الاقوامی ترقی کی حکمتِ عملی میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ پرتگال میں ذیلی کمپنی کے قیام سے گروپ یورپی یونین میں اپنی موجودگی مزید مستحکم کرے گا اور خطے میں موجودہ اور ممکنہ صارفین تک اپنی رسائی مزید مؤثر بنا سکے گا۔

اعلامیے کے مطابق پرتگال میں قائم ہونے والی کمپنی یورپی یونین میں آئی پیک گروپ کی کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک خصوصی مرکز کے طور پر کام کرے گی، جس کے ذریعے صارفین، پیکیجنگ کنورٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور صنعت سے وابستہ دیگر کاروباری شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا جبکہ کمپنی کی مصنوعات اور تجارتی حکمتِ عملی کو یورپی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ رکھنے میں مدد ملے گی۔

کمپنی کے مطابق، پرتگال میں ذیلی کمپنی کا قیام آئی پیک گروپ کے وسیع تر عالمی وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت پاکستان میں اپنی مضبوط مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو بیرونی منڈیوں میں تیزی سے فروغ پاتے تجارتی نیٹ ورک سے ہم آہنگ کرتے ہوئے پیکیجنگ فلمز کے شعبے میں اپنی عالمی موجودگی کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔