حوثی گروپ نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ وہ بحیرۂ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے فیس وصول کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
حوثیوں کے زیر انتظام ہیومینیٹیرین آپریشنز کوآرڈینیشن سینٹر (ایچ او سی سی) نے اپنے بیان میں کہا کہ بحیرۂ احمر سے گزرنے والے جہازوں کے لیے ان کی محفوظ گزرگاہ کی سہولت رضاکارانہ اور مکمل طور پر مفت ہے۔
کسی بھی فریق کی جانب سے فیس یا ادائیگی کا مطالبہ ایچ او سی سی یا جمہوریہ یمن کی نمائندگی نہیں کرتا۔ شپنگ کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی غیر مجاز شخص یا ادارے کو ادائیگی یا معلومات فراہم نہ کریں۔
واضح رہے کہ یہ وضاحت اس کے بعد سامنے آئی جب رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ حوثی قیادت بحیرۂ احمر میں گزرنے والے تجارتی جہازوں پر فیس عائد کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔ حوثیوں نے اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی فیس نافذ نہیں کی گئی ہے.