راولپنڈی:
مہاجرین کشمیر راولپنڈی کی 3 نشستوں پر انتخابی اکھاڑہ سج گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مہاجرین 3 نشستوں پر کل 35 امیدوار ہیں، جن میں 4 خواتین امیدوار بھی انتخابی میدان میں اتر گئیں۔
ان تین نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 27907 ووٹ ہیں، جن میں 14917 مرد اور 12990 خواتین کے ووٹ ہیں۔ علاوہ ازیں کل 175 پولنگ اسٹیشنز میں سے 31حساس قرار دیے گئے ہیں جب کہ سخت ترین ضابطہ اخلاق لاگو کرتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
مہاجرین کشمیر کی ان نشستوں کے لیے پولنگ کل اتوار 2 اگست صبح 8 تا 5 بجے ہوگی۔ اس سلسلے میں پولنگ اسٹیشنز کے اطراف 500 میٹرز تک پولنگ کیمپ لگانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں پولنگ اسٹیشنز کے سامنے یا باہر نعرے بازی اور ریلیوں یا احتجاج پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ان 3 نشستوں پر انتخابات کے لیے وادی 4 سب سے چھوٹا حلقہ ہے، جہاں سب سے کم 3346 ووٹ ہیں جب کہ وادی 5 میں 3804 ووٹ اور جموں 6 میں کل 20807 ووٹ ہیں۔
انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پارٹی اور جماعت اسلامی کے امیدوار اکھاڑے میں ہیں جب کہ 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرکے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔