پاک فوج کی عوام کے لیے کی جانے والی بے لوث خدمات سے تاریخ بھری پڑی ہے، جنگ ہو یا ناگہانی آفت، عوام کو پاک فوج نے کبھی نہ مایوس کیا اور نہ تنہا چھوڑا ہے، عوامی خدمت کی ایسی ہی بے لوث مثال 2022میں سیلابی صورتحال کے دوران دیکھی گئی۔
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید یکم اگست 2022کو سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے لسبیلہ پہنچے،ریسکیو مشن کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کر رہے تھے تاکہ سیلاب متاثرین کو فوری اور بروقت ریلیف دیا جاسکے۔سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف لیفٹیننٹ جنرل سرفرار علی ہیلی کاپٹر حادثہ میں جام شہادت نوش کر گئے۔
اس المناک حادثہ میں بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ اور نائیک مدثر فیاض بھی شہید ہوئے۔بریگیڈیر امجدحنیف شہید حادثے سے کچھ عرصہ قبل ہی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پا چکے تھے۔اس دردناک حادثے نے ہر آنکھ اشک بار کر دی جبکہ ملک کی فضا کئی دن تک سوگوار رہی۔
کور کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید انتہائی پروفیشل آفیسر تھے جو پاک فوج میں اہم ترین عہدوں پر تعینات رہے۔نومبر 2020 میں انہیں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی جبکہ دسمبر 2020 میں انہیں کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کیا گیا۔پاک فوج ملک و قوم کی ہر مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد کے لئے ہر دم تیار رہی ہے اور رہے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔