اسلام آباد:
چیف جسٹس پاکستان نے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پنشری مراعات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالت عظمیٰ کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ان کے قانونی حقوق اور پنشنری مراعات ریٹائرمنٹ کے وقت ہی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دیں۔
چیف جسٹس نے ریٹائر ہونے والے سینئر اسسٹنٹ رجسٹرار حفظ الرحمٰن کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے افسران کو ان کے قانونی حقوق بلا تاخیر اور بغیر کسی دشواری کے ملنے چاہییں۔
انہوں نے حفظ الرحمٰن کو پنشنری مراعات کا چیک بھی پیش کیا۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ برانچ پنشن سے متعلق تمام کارروائی بروقت مکمل کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنشن سے متعلق تمام رسمی کارروائیاں ریٹائرمنٹ سے قبل مکمل کی جائیں۔ سپریم کورٹ ملازمین کی فلاح و بہبود اور مؤثر انتظامی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، سپریم کورٹ ریٹائر ہونے والے ملازمین کے وقار کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔
تقریب کے دوران رجسٹرار سپریم کورٹ، افسران اور ملازمین نے حفظ الرحمٰن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکا نے حفظ الرحمٰن کے لیے صحت مند، خوشحال اور کامیاب ریٹائرڈ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔