گلگت میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری اور تمباکو کا گودام سیل

غیر قانونی فیکٹری میں "چیمپئن" کے نام سے سگریٹ تیار کیے جا رہے تھے، حکام


ویب ڈیسک August 01, 2026

اسلام آباد: پاکستان ٹوبیکو بورڈ نے غیر قانونی تمباکو کی خرید و فروخت اور سگریٹ سازی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ محمد شاہد حسین کی ہدایت پر مانسہرہ اور گلگت میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔ گلگت کے علاقے جگلوٹ میں کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی سگریٹ فیکٹری اور تمباکو کا گودام سیل کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی بار گلگت کے علاقوں میں کسی سگریٹ فیکٹری کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ کارروائی کے دوران سگریٹ بنانے کی مشینری، خام مال اور ہزاروں کلو تمباکو برآمد کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ غیر قانونی فیکٹری میں "چیمپئن" کے نام سے سگریٹ تیار کیے جا رہے تھے، جو کہ رائل ٹوبیکو کمپنی صوابی کا رجسٹرڈ برانڈ ہے۔ حکام نے کارروائی کے دوران متعلقہ ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ نے واضح کیا ہے کہ کسانوں سے سستے داموں تمباکو خرید کر غیر قانونی سگریٹ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو کی خرید، ترسیل، ذخیرہ اور تجارت کو قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے گا، جبکہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ اور قومی خزانے کو نقصان سے بچانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔