کاکروچ جنتا پارٹی کے ابھیجیت دیپکے کی شادی کیوں نہیں ہوئی؟ والدہ نے اہم بات بتادی

انیتا دیپکے نے بتایا کہ گزشتہ تقریباً دو برس سے ان کے بیٹے کے لیے مسلسل شادی کے رشتے آ رہے ہی


ویب ڈیسک August 01, 2026

کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی اور نوجوان سماجی کارکن ابھیجیت دیپکے کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔ اس بار ان کی والدہ انیتا دیپکے نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ ہر ماں باپ کی طرح وہ بھی اپنے بیٹے کو شادی کے بندھن میں بندھتا دیکھنا چاہتی ہیں، لیکن اس وقت ان کی اولین ترجیح اس کی صحت اور مستقبل ہے، اسی لیے وہ گھر واپسی کے بعد بھی فوری طور پر شادی کی بات نہیں چھیڑیں گی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق انیتا دیپکے نے بتایا کہ گزشتہ تقریباً دو برس سے ان کے بیٹے کے لیے مسلسل شادی کے رشتے آ رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا تھا جب ابھیجیت دیپکے قومی سطح پر نمایاں شخصیت نہیں بنے تھے اور نیٹ یو جی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا حصہ بھی نہیں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جب بھی شادی کا ذکر کیا جاتا ہے تو ابھیجیت ایک ہی جواب دیتے ہیں کہ وہ پہلے اپنی تعلیم مکمل کرنا اور اپنی محنت سے روزگار حاصل کرنا چاہتے ہیں، اس کے بعد ہی شادی کا فیصلہ کریں گے۔ انیتا دیپکے کے مطابق انہوں نے بیٹے کو یہ بھی کہا کہ گھر میں مالی وسائل کی کمی نہیں، مگر اس کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی کمائی سے ہی شادی کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا اس قدر اصول پسند ہے کہ شادی کے موقع پر کپڑوں کے علاوہ کوئی تحفہ یا مالی تعاون قبول کرنے پر بھی آمادہ نہیں۔

رپورٹ کے مطابق ابھیجیت دیپکے 6 جون 2026 کو بوسٹن سے نئی دہلی پہنچے تھے۔ ابتدا میں انہیں ایک آن لائن کارکن کے طور پر جانا جاتا تھا، تاہم چند ہی ہفتوں میں وہ نیٹ یو جی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف شروع ہونے والی ملک گیر طلبہ تحریک کی نمایاں آواز بن گئے۔ بعدازاں اس احتجاج کا اختتام مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے پر ہوا، جو مظاہرین کے اہم مطالبات میں شامل تھا۔ اگرچہ تحریک ختم ہو چکی ہے، لیکن ابھیجیت دیپکے اب بھی عوامی توجہ کا مرکز ہیں اور ان کی ذاتی زندگی بھی زیرِ بحث رہتی ہے۔

شادی کے حوالے سے سوال پر انیتا دیپکے نے کہا کہ ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے اپنا گھر بسائیں اور وہ بھی یہی چاہتی ہیں، تاہم حتمی فیصلہ صرف ان کے بیٹے کا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں دونوں کے درمیان شادی کے موضوع پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی کیونکہ ویڈیو کال پر زیادہ تر بات چیت اس کی صحت کے بارے میں ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھیجیت اس وقت طبیعت کی خرابی کا شکار ہیں، اسی لیے انہوں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ گھر آنے سے پہلے مکمل آرام کریں۔ ان کے مطابق بیٹا ویڈیو کال پر تقریباً آدھا گھنٹہ بات کرتا ہے اور پھر آرام کے لیے چلا جاتا ہے۔

ممکنہ دلہن سے متعلق سوال کے جواب میں انیتا دیپکے نے کہا کہ نہ انہوں نے کسی لڑکی کو دیکھا ہے اور نہ ہی کسی سے اس حوالے سے بات کی ہے، جبکہ ابھیجیت نے بھی انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں دیں۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جب ان کا بیٹا گھر واپس آئے گا تو وہ کم از کم ایک ماہ تک اس سے شادی کا ذکر بھی نہیں کریں گی۔ ان کے مطابق پہلے اس کی مکمل صحت یابی ضروری ہے، اس کے بعد ہی مستقبل کے معاملات پر بات کی جائے گی۔

انیتا دیپکے نے آخر میں کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کے مستقبل کی فکر رہتی ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ وہ بھی دوسرے خاندان کے افراد کی طرح اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کرے، کیونکہ اس کے تمام کزنز شادی کر چکے ہیں، اسی لیے ایک ماں ہونے کے ناتے وہ بھی یہ خواہش رکھتی ہیں کہ مناسب وقت آنے پر ان کا بیٹا بھی اپنا گھر بسا لے۔