آج تازہ حملوں کا امکان؛ ایران پر فضائی حملوں کی تیاری کر رہے ہیں، ٹرمپ

حکام نے واضح کیا ہے کہ حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا اور منصوبے میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔


ویب ڈیسک August 01, 2026
ایران کا صدر ٹرمپ کو کرارا جواب

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید فوجی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حملے نہ روکے تو امریکہ انتہائی سخت جواب دے گا۔

صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کو بہت سخت نشانہ بنائیں گے تاہم انہوں نے ممکنہ اہداف یا کارروائی کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

دوسری جانب کویتی حکام نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح ملک میں متعدد ڈرون حملوں کی کوشش کی گئی۔ فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈرونز کو تباہ کر دیا جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ایرانی حکام نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے خلاف مزید کارروائیاں ہوئیں تو خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے والے ممالک بھی حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں، جس سے پورے مشرقِ وسطیٰ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ادھر برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی کے مطابق عمان کے ساحل اور آبنائے ہرمز کے قریب ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم میزائل یا گولہ نما شے نے نشانہ بنایا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز کو نقصان پہنچا تاہم کسی ملک یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا اہم ترین بحری راستہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی عسکری کشیدگی عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہے۔