ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سادہ چینی فروکٹوز کیموتھراپی کے بعد بچ جانے والے کینسر کے خلیات کو مزید پھیلنے کا سِگنل دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
امریکا کے ویسٹار انسٹی ٹیوٹ کے محققین کے مطابق کیموتھراپی کے بعد وہ کینسر کے خلیات جو مکمل طور پر ختم نہیں ہوتے، تقسیم ہونا تو بند کر دیتے ہیں لیکن حیاتیاتی طور پر متحرک رہتے ہیں اور اردگرد موجود دیگر کینسر کے خلیات کو مختلف مالیکیولز کے ذریعے سگنلز بھیجتے رہتے ہیں۔
جرنل نیچر ایجنگ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق فروکٹوز ان مالیکیولز میں سے ایک ہو سکتا ہے جو بچ جانے والے کینسر کے خلیات کو مزید سرگرم کر کے بیماری کے پھیلاؤ میں مدد دیتا ہے۔
مطالعے کے شریک مصنف ایڈن کول نے کہا کہ ان کی تحقیق ان پہلے مطالعوں میں سے ہے جس میں یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ایک غذائی جز، یعنی فروکٹوز، کینسر کے خلیات کے درمیان رابطے کے لیے سگنل کے طور پر کام کر سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق کینسر کے علاج اور کیموتھراپی کے بعد بیماری کے دوبارہ پھیلاؤ کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم، اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور اس کا مطلب یہ نہیں کہ فروکٹوز کا استعمال براہِ راست کینسر کے پھیلاؤ کا سبب بنتا ہے۔