سائنس دانوں کا خلا میں قدرتی چینی کی موجودگی انکشاف!

محققین نے ’ایریتھرولوز‘ نامی قدرتی شکر ہماری کہکشاں ملکی وے کے مرکزی حصے کی سمت میں دریافت کی ہے


ویب ڈیسک August 01, 2026

سائنس دانوں نے خلا میں قدرتی شکر (شوگر) کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔ ماہرین اس دریافت کو کائنات میں زندگی کی تلاش اور زمین پر زندگی کی ابتدا کو سمجھنے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

محققین نے ’ایریتھرولوز‘ نامی قدرتی شکر ہماری کہکشاں ملکی وے کے مرکزی حصے کی سمت میں دریافت کی ہے۔

زمین پر یہ شکر قدرتی طور پر راسبیری جیسے پھلوں میں پائی جاتی ہے اور بعض مصنوعی ٹیننگ مصنوعات میں بھی استعمال ہوتی ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق شکر زندگی کے بنیادی اجزا میں شامل ہے کیونکہ یہی ڈی این اے اور آر این اے کی ساخت کا اہم حصہ بنتی ہے اور خلیات کے کئی حیاتیاتی عمل کے لیے توانائی فراہم کرنے میں کردار ادا کرتی ہے۔

ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ زندگی کے آغاز میں بھی شکر نے اہم کردار ادا کیا ہوگا۔

تاہم، اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایسی شکر زمین یا خلا میں کیسے وجود میں آئی کیونکہ تجربہ گاہوں میں کیے گئے تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ زندگی کے آغاز سے پہلے موجود حالات میں اس قسم کی شکر کا بننا آسان نہیں تھا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ خلا میں قدرتی شکر کی یہ دریافت اس سوال کا جواب تلاش کرنے میں مدد دے سکتی ہے کہ زمین پر زندگی کیسے شروع ہوئی اور کیا کائنات کے دیگر حصوں میں بھی زندگی کے لیے ضروری بنیادی اجزا موجود ہو سکتے ہیں۔