لاہور، وین دیلنگ کے شوق نے 24 سالہ نوجوان سے زندگی چھین لی

جاں بحق ہونے والے نوجوان کا دوسرا بھائی بھی اسی گروپ کے ہمراہ موجود تھا


ویب ڈیسک August 01, 2026

لاہور:

کینال روڈ اچھرہ سے ایف سی پل کی جانب ون ویلنگ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 24 سالہ نوجوان ابرار جاں بحق ہوگیا

ابتدائی معلومات کے مطابق لالہ ساجد نامی ون ویلنگ گروپ ٹولیوں کی صورت میں کینال روڈ پر خطرناک انداز میں ون ویلنگ کر رہا تھا۔

حادثے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل لاہور ٹریفک پولیس نے اسی گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ون ویلر حسنین کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ اچھرہ پولیس کے حوالے کیا تھا، جبکہ دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گرفتار ملزم حسنین کے موبائل فون سے مبینہ طور پر ون ویلنگ کی سینکڑوں ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کارروائی کے باوجود مذکورہ گینگ دوبارہ تاجپورہ کی جانب سے واپسی پر کینال روڈ آیا اور ایک مرتبہ پھر ون ویلنگ شروع کر دی۔

اسی دوران ایک موٹرسائیکل بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 24 سالہ ابرار موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کا دوسرا بھائی بھی اسی گروپ کے ہمراہ موجود تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس اور متعلقہ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی  نے والدین اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ ون ویلنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی عمل سے مکمل اجتناب کریں۔

چند لمحوں کی سنسنی پوری زندگی کا نقصان بن سکتی ہے۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ ایسی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 یا ٹریفک پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔