LIMA:
جنوبی امریکی ملک پیرو میں نازکا لائنز کی سیر کے لیے جانے والا ایک چھوٹا سیاحتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 13 افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ہفتے کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق تقریباً ایک بجے پیش آیا جب طیارہ دارالحکومت لیما سے تقریباً 240 کلومیٹر جنوب میں واقع پسکو ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا۔
پولیس میجر جارج اینڈریڈ نے بتایا کہ حادثے میں 11 مسافر اور عملے کے 2 ارکان جان کی بازی ہار گئے۔
ان کے مطابق حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا اور کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچ سکا جبکہ ابتدائی طور پر چار لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں۔
حکام نے تاحال حادثے کی وجہ نہیں بتائی تاہم پیرو کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں جائے حادثہ پر طیارے کا ملبہ شعلوں کی لپیٹ میں دکھائی دیا جہاں فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔
پسکو ایئرپورٹ سے روزانہ درجنوں چھوٹے طیارے نازکا لائنز کی فضائی سیر کے لیے پرواز کرتے ہیں جہاں دنیا بھر سے آنے والے سیاح اس تاریخی مقام کا رخ کرتے ہیں۔
نازکا لائنز یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ایک منفرد آثارِ قدیمہ کا مقام ہے جہاں صحرائی ریت پر 500 قبل مسیح سے 500 عیسوی کے درمیان بنائے گئے دیوقامت نقش و نگار موجود ہیں۔
یہ پہلا ایسا حادثہ نہیں ہے 2022 میں بھی نازکا لائنز کی سیر کرنے والا ایک طیارہ گرنے سے 7 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2010 میں ایک اور حادثے میں 4 برطانوی سیاحوں سمیت 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔