کراچی:
مختلف علاقوں میں گیس کی بو پھیلنے کی شکایات پر سوئی سدرن کمپنی کا بیان سامنے آگیا۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس لیکیج کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں گیس لیکیج کی کوئی شکایت نہیں، ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب نئی پائپ لائن کی کمیشننگ کی جارہی ہے۔
ترجمان کے مطابق کمیشننگ کے دوران Odorization Plants کی ٹیسٹنگ جاری ہے جس کے باعث گیس میں بو پیدا کرنے والے مادے کی مقدار زیادہ شامل کی گئی ہے۔
ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ سسٹم کے تمام پریشرز معمول کے مطابق ہیں، گیس کی بو Odorant کی عارضی طور پر زیادہ مقدار کی وجہ سے ہے، کہیں سے گیس لیکیج رپورٹ نہیں ہوئی، صارفین معمول کے کام جاری رکھیں۔
دوسری جانب سوئی سدرن کمپنی کا کہنا ہے کہ تمام معزز صارفین کو مطلع کیا جاتا ہے کہ آج رات ابوالحسن اصفہانی روڈ سے معمار تک 16 انچ قطر کی نئی گیس پائپ لائن کی کمیشننگ کا کام شیڈول ہے۔ اس دوران ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع تمام متعلقہ TBSs کو بھی نئی 16 انچ قطر کی پائپ لائن پر منتقل کیا جائے گا۔
اس اہم کام کی تکمیل کے لیے آج رات 10:00 بجے سے کل صبح 10:00 بجے تک گلشنِ اقبال اور اسکیم 33 کے بعض علاقوں، گلشن معمار، ابوالحسن اصفہانی روڈ، میٹروول اور ال آصف اسکوائر کے علاقے میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔