30 سال کا سفر ساڑھے 3 سال میں طے کرنے والا کہتا ہے سسٹم نہیں چل سکتا، رانا ثنا کی محسن نقوی پر تنقید

نواز شریف کو کہیں وہ دھاندلی سے وزیراعظم بنے تو پھر یہاں یہ بھی بات ہوتی ہے کوئی ملک توڑنے کے بعد وزیر اعظم بنا تھا


ویب ڈیسک August 02, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ  اس سسٹم میں تم نے 30 سال کا سفر ساڑھے تین سال میں طے کیا ہے اور تمہیں اب خبر ہو رہی ہے کہ سسٹم بالکل خراب ہے اور یہ نہیں چل سکتا۔

آزاد کشمیر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کے ایک برخوردار فرما رہے ہیں، یہ سسٹم بس اب ختم ہو چکا ہے، برخودار کا کہنا ہے کہ سسٹم اب آگے چلنے کے قابل نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ اس سسٹم میں تم نے 30 سال کا سفر ساڑھے تین سال میں طے کیا، تم کہاں سے چلے اور اب کہاں پہنچ گئے ہو؟ اب تمہیں آکر پتہ چلاہے کہ سسٹم بالکل خراب ہے اور یہ نہیں چل سکتا، اب اس سسٹم کی تمہیں خبر ہو رہی ہے کہ یہ سسٹم ٹھیک نہیں ہے۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ یہ پارلیمانی جمہوری نظام قائداعظم نے دیا ہے، سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان حاصل کیا گیا، یہ سب کو معلوم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آپ جلسے میں آکر کہیں کہ وزیراعظم تو فارم 47 کا ہے، اگر وزیراعظم کے لیے گئے  ووٹ فارم 47 کے ہیں تو پھر صدر نےجو ووٹ لیے ہیں وہ کس فارم کےتھے؟  نواز شریف کو یہ کہیں گےکہ وہ پہلی دفعہ یا ہمیشہ دھاندلی سےوزیراعظم بنے ہیں تو پھر آپ یاد کریں، یہاں یہ بھی بات ہوتی ہے کہ کوئی پہلی بار ملک توڑنے کےبعد وزیر اعظم بنا تھا۔

گزشتہ دنوں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملکی ترقی کیلئے نئے انتظامی یونٹوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئےکہا تھاکہ ہم جس سسٹم میں رہ رہے ہیں وہ تباہ ہوچکا ہے، نئے انتظامی یونٹ یا صوبے ہی اس مسئلےکا حل ہیں۔