خیبر پختونخوا میں آپریشن 11 گرج کے تحت متعدد خوارج ہلاک، کئی ٹھکانے بھی تباہ

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے سہولت کاروں کو بھی پکڑا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا


ویب ڈیسک August 02, 2026

پشاور:

خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو ماہ کے دوران آپریشن 11 گرج کے تحت سیکیورٹی فورسز کی مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں متعدد خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے سہولت کاروں کو بھی پکڑا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا۔

باجوڑ کے علاقے شاکرو میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، باجوڑ میں کامیاب آپریشنز کے دوران متعدد خوارج کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 11 گرج کے دوران خوارجین کے زیرِ استعمال دیسی ساختہ بموں کو بھی تباہ کیا، زمینی اور کوارڈ کاپٹر کی مدد سے کی جانے والی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کو مقامی آبادی سے بھاگنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خیبر پختونخوا میں دیرپا امن کے قیام تک بلا تعطل اپنی کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔