عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک ہی روز میں 4 ڈالر سے زائد کم ہو گئیں

مشرق وسطیٰ کشیدگی میں کمی کے باعث خام تیل کی قیمتیں گراوٹ کا شکار ہوئیں، ماہرین


ویب ڈیسک August 03, 2026

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ کمی کے اشاروں نے عالمی تیل مارکیٹ کو فوری طور پر متاثر کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف مجوزہ فوجی کارروائی مؤخر کرنے کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 4.08 ڈالر فی بیرل کم ہو کر 83.85 ڈالر پر آ گئی جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 4.01 ڈالر کی کمی کے بعد 80.66 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔

ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں نے اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کا اشارہ سمجھا جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات وقتی طور پر کم ہوئے اور قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے ایران پر دوبارہ حملوں اور عمان کے قریب متعدد آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل دونوں کی قیمتیں 20 فیصد سے زائد بڑھ گئی تھیں۔