آبنائے ہرمز میں یونانی ایل این جی ٹینکر کو پراسرار ’حادثہ‘، کمپنی کا اہم بیان سامنے آگیا

گیس لاگ کے مطابق واقعے کے فوراً بعد کمپنی نے اپنا ہنگامی ردعمل کا منصوبہ فعال کر دیا


ویب ڈیسک August 03, 2026

ایتھنز / لندن: یونان کی شپنگ کمپنی گیس لاگ نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز سے نکلتے ہوئے اس کے مائع قدرتی گیس بردار جہاز کو پیش آنے والے واقعے کے بعد صورتحال قابو میں ہے اور جہاز پر موجود تمام افراد محفوظ ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ گیس لاگ شنگھائی نامی ایل این جی ٹینکر کو 31 جولائی کو آبنائے ہرمز سے روانگی کے دوران ایک ’واقعہ‘ پیش آیا۔

کمپنی نے واقعے کی نوعیت یا اس کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ جہاز یا اس پر موجود مائع قدرتی گیس کے کارگو کو کوئی نقصان پہنچا یا نہیں۔

گیس لاگ کے مطابق واقعے کے فوراً بعد کمپنی نے اپنا ہنگامی ردعمل کا منصوبہ فعال کر دیا، متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی اور جہاز کی حالت کا مکمل جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

کمپنی نے کہا کہ اس کی اولین ترجیح جہاز پر موجود عملے کی حفاظت ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ تمام افراد محفوظ ہیں اور ان کا مکمل حساب موجود ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ماہرین جہاز کی تکنیکی حالت اور ممکنہ نقصان کا تفصیلی معائنہ کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیجی سمندری راستوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی بحری جہاز رانی، توانائی کی ترسیل اور تجارتی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور مائع قدرتی گیس کی بڑی مقدار گزرتی ہے، اس لیے اس علاقے میں پیش آنے والا ہر واقعہ عالمی توانائی کی منڈیوں پر اثر ڈال سکتا ہے۔