قاہرہ: مصر کے شمال مشرقی علاقے میں پیر کی صبح 5.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے جھٹکے دارالحکومت قاہرہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجے آیا، زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 5.47 کلومیٹر تھی۔
مصری حکام نے بعد ازاں وضاحت کی کہ زلزلے کا مرکز شہر سوئز سے تقریباً 38 کلومیٹر دور واقع تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے قاہرہ، سوئز اور دیگر کئی شہروں میں محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
مصری ہلالِ احمر نے اپنے بیان میں کہا کہ اب تک کسی زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ادارے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پرانی یا دراڑوں والی عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب مصر کی وزارتِ صحت نے فوری طور پر ہنگامی ردعمل کا منصوبہ فعال کرتے ہوئے ملک بھر کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین کو بھی زلزلے سے متعلق خودکار الرٹ موصول ہوا، جس میں ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 5.9 بتائی گئی تھی۔ بعد ازاں زلزلہ پیما اداروں نے مزید ڈیٹا کی بنیاد پر اس کی شدت 5.3 ریکارڈ کی۔
ماہرین کے مطابق زلزلے سے متعلق معلومات میں ابتدائی مرحلے پر تبدیلی آ سکتی ہے کیونکہ مختلف ادارے مسلسل زمینی اعداد و شمار کا تجزیہ کرتے رہتے ہیں۔
اگرچہ اس زلزلے سے کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔