محمد عامر کی شاندار بولنگ نے ٹرینٹ راکٹس کو فتح دلوادی

محمد عامر نے لگاتار 10 گیندوں پر صرف 10 رنز دے کر دونوں سیٹ بلے بازوں کو آؤٹ کردیا


اسپورٹس ڈیسک August 03, 2026

ٹرینٹ راکٹس نے دلچسپ مقابلے کے بعد سن رائزرز لیڈز کو 5 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

فتح میں اینورن ڈونلڈ کی 19 گیندوں پر جارحانہ 40 رنز کی اننگز اور محمد عامر کی 20 رنز کے عوض 2 وکٹوں کی شاندار بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔

آخری تین سیٹس میں میٹ ہنری، لیوس گریگوری اور محمد عامر نے بہترین لائن اور لینتھ برقرار رکھتے ہوئے صرف 24 رنز دیے جس سے حریف ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹرینٹ راکٹس کو فن ایلن کی جلد وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا لیکن بین ڈکٹ اور اینورن ڈونلڈ نے 35 گیندوں پر 63 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

تاہم اختتامی اوورز میں سیم بلنگز اور ٹم ڈیوڈ بڑی شاٹس کھیلنے میں ناکام رہے جس کے باعث راکٹس نے 4 وکٹوں پر 146 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں سن رائزرز لیڈز کا آغاز مایوس کن رہا اور ریان رکلٹن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد مچل مارش اور زیک کرولی نے اننگز کو سنبھالا تاہم مارش تیز رفتاری سے اسکور نہ کر سکے۔

 کرولی نے مچل سینٹنر کے خلاف تین چوکے لگا کر ٹیم کو امید دلائی لیکن 26 رنز پر وہ سینٹنر کی گیند پر ہی بولڈ ہو گئے۔

سن رائزرز لیڈز کو جیت کے لیے 20 گیندوں پر 35 رنز درکار تھے جبکہ ہیری بروک مچل مارش کریز پر موجود تھے۔

ایسے میں محمد عامر نے لگاتار 10 گیندوں پر صرف 10 رنز دے کر دونوں سیٹ بلے بازوں کو آؤٹ کردیا جس کی بدولت ٹرینٹ راکٹس کی ٹیم 5 رنز سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔