بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع میسور میں ایک افسوسناک حادثے کے دوران پاپڑ کے پیکٹ میں موجود پلاسٹک کا کھلونا گلے میں پھنسنے سے پانچ سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کرناٹک کے گاؤں گوری پورا میں پیش آیا، جہاں پانچ سالہ بچے نے پاپڑ کے پیکٹ میں بطور مفت تحفہ رکھی گئی ایک چھوٹی پلاسٹک کی گیند حادثاتی طور پر نگل لی۔
رپورٹس کے مطابق گیند بچے کے گلے میں پھنس گئی، جس کے بعد اہل خانہ نے فوری طور پر اسے قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود بچے کی جان نہ بچائی جا سکی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا بچہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا، جس کے باعث گھر میں شدید غم و افسوس کی فضا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ پلاسٹک کی گیند پاپڑ کے پیکٹ میں بطور پروموشنل تحفہ شامل تھی۔ بچے نے کھیلتے ہوئے اسے منہ میں ڈالا اور وہ حادثاتی طور پر نگل لی۔
حکام نے بتایا کہ تاحال اہل خانہ کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی، تاہم پولیس خاندان سے مسلسل رابطے میں ہے اور مزید قانونی کارروائی شکایت موصول ہونے کے بعد کی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹے بچوں کے لیے ایسے کھلونے یا اشیا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو کھانے کی اشیا کے ساتھ ملنے والے چھوٹے پلاسٹک کے کھلونوں سے دور رکھیں اور ہر وقت ان کی نگرانی کریں۔