بھارت کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے جسپریت بمراہ کی صورت میں بڑا دھچکا لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر جسپریت بمراہ انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ فاسٹ بولر عاقب نبی کو پہلی مرتبہ بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے گزشتہ دو رانجی ٹرافی سیزنز کے دوران مجموعی طور پر 104 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صرف 2025-26 کے سیزن میں 60 وکٹیں حاصل کر کے مقبوضہ کشمیر کو پہلی مرتبہ رانجی ٹرافی کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ حال ہی میں بھارت اے ٹیم کے ساتھ سری لنکا کے دورے پر بھی گئے تھے جہاں دو فرسٹ کلاس میچز میں 6 وکٹیں اپنے نام کیں۔
اگر عاقب نبی کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع ملتا ہے تو وہ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے پہلے بھارتی ٹیسٹ کرکٹر بن جائیں گے۔
واضح رہے کہ بمراہ گزشتہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور مکمل فٹ نہ ہونے کے باعث انہیں دورے سے باہر کر دیا گیا ہے۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 15 اگست سے گال میں ہوگا۔