ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر 2گروپوں میں جھگڑا اور فائرنگ، تاحال مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا

اعلیٰ افسران سے مشاورت کے بعد مقدمہ کے اندراج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، پولیس حکام


ویب ڈیسک August 03, 2026

کراچی:

بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران ہوائی فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔

پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے کسی دھڑے کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، تاہم پولیس سے رابطہ کرنے پر فوری واقعے کا مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق اگر ایم کیو ایم پاکستان کے کسی دھڑے نے رابطہ نہیں کیا تو اعلیٰ افسران سے مشاورت کے بعد مقدمہ کے اندراج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر ایک گروپ اجلاس کر رہا تھا کہ دوسرے گروپ نے دھاوا بول دیا تھا، دونوں گروپوں کے کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد فائرنگ کی گئی تھی جس کے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص بھی ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا جبکہ فائرنگ کے باعث بہادر آباد میں مارکیٹیں اور دکانیں بند ہوگئی تھیں۔