ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام بچوں کو مکمل علاج اور والدین کو 40 سے 80 ہزار روپے ماہانہ دیں گے، سعید غنی

اس وقت تک ہمارے پاس 120 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق کی رپورٹ موجود ہے، صوبائی وزیر


ویب ڈیسک August 03, 2026

کراچی:

وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام بچوں کو مکمل علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کے اکائونٹس میں 40 سے 80 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔

سعید غنی نے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے وائس چئیرمین قاضی خضر کی قیادت میں آئے تین رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ متاثرین کی فلاح و بہبود کے لئے قائم اینڈومنٹ فنڈ کے استعمال کو شفاف بنانے لئے آزاد اور خودمختار بورڈ  جبکہ ان کے علاج معالجہ کے لئے ملک کے اعلیٰ ڈاکٹروں اور اسپتالوں کے سربراہان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ ہم ان تمام متاثرہ بچوں اور ان کے اہلخانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور جو بھی ذمہ داران اس میں ملوث قرار پائے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت تک ہمارے پاس 120 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق کی رپورٹ موجود ہے جن میں سے 81 بچے وہ ہیں جو سوشل سیکورٹی میں رجسٹرڈ جبکہ 39 غیر رجسٹرڈ ہیں۔