دوسرا ٹیسٹ، عبداللہ شفیق اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان کے پہلی اننگز میں 266 رنز

ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 78 رنز درکار ہیں


ویب ڈیسک August 04, 2026

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام تک مضبوط پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز اسکور کر لیے۔

عبداللہ شفیق کی ذمہ دارانہ سنچری اور بابر اعظم کی پراعتماد بیٹنگ نے قومی ٹیم کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔

 

ویسٹ انڈیز کے 344 رنز کے جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں ہوا۔ پہلی وکٹ 34 رنز پر گری جب امام الحق 14 رنز بنا کر شیمار جوزف کا شکار بنے۔

نوجوان اوپنر اذان اویس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 55 رنز بنائے اور ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔

اس کے بعد عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 168 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ اس دوران عبداللہ شفیق نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی جبکہ بابر اعظم بھی نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد 86 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک عبداللہ شفیق 107 اور بابر اعظم 86 رنز کے ساتھ کریز پر ڈٹے ہوئے تھے، جبکہ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 78 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پورٹ آف اسپین میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جسٹن گریوز نے 73 اور کپتان روسٹن چیز نے 70 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔ برینڈن کنگ 46، شے ہوپ 29 اور عامر جنگو 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے آف اسپنر ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ، محمد علی اور علی عثمان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم خود پر اعتماد رکھتی ہے اور مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کپتان روسٹن چیز نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہوم گراؤنڈ کو اپنی ٹیم کا مضبوط قلعہ بنایا جائے اسی لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 1-0 کی برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے اس میچ میں کامیابی درکار ہے۔