کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ اصلاحات کے لیے ایس ای سی پی نے اعلیٰ سطح ورکنگ گروپ قائم کردیا۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ میں اصلاحات کے لیے اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے، جو ڈیٹ مارکیٹ کی بہتری اور ترقی کے لیے جامع سفارشات مرتب کرے گا۔
ایس ای سی پی کے مطابق ورکنگ گروپ کی سربراہی کمشنر محمد علی فرید خواجہ کریں گے، جبکہ اس میں وزارتِ خزانہ، بینکوں، مالیاتی اداروں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں اور مارکیٹ کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے تاکہ مختلف شعبوں کی آرا کی روشنی میں مؤثر اصلاحات تجویز کی جا سکیں۔
ایس ای سی پی نے بتایا کہ ورکنگ گروپ ڈیٹ سیکیورٹیز اور سکوک کے اجرا سے متعلق ریگولیٹری فریم ورک کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ اس عمل کا مقصد ڈیٹ سیکیورٹیز کے اجرا کو زیادہ تیز، آسان اور کم لاگت بنانا ہے تاکہ سرمایہ حاصل کرنے کا عمل مزید مؤثر ہو سکے۔
اعلامیے کے مطابق ورکنگ گروپ ڈیٹ مارکیٹ کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گا اور ان کے حل کے لیے قابلِ عمل سفارشات پیش کرے گا، جن کے ذریعے کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کو مزید مضبوط اور فعال بنانے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کا فروغ اور استحکام ادارے کی اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم ڈیٹ مارکیٹ کے ذریعے صنعت اور حکومت کو طویل المدتی سرمایہ (کیپٹل) کی فراہمی ممکن ہوگی، جس سے مالیاتی نظام کو مزید تقویت ملے گی۔