اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت، لندن سے پنجاب کی پہلی ڈیجیٹل اراضی رجسٹری کامیابی سے مکمل

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جائیداد کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی کا عمل زیادہ آسان، شفاف اور محفوظ ہوگیا ہے


ویب ڈیسک August 04, 2026

لاہور:

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی بورڈ آف ریونیو پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کو جدید، محفوظ اور سہل اراضی خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے ذریعے پنجاب میں واقع اراضی کی پہلی ڈیجیٹل رجسٹری کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے جدید ڈیجیٹل نظام کی بدولت اب بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاکستان آئے بغیر اپنی جائیداد کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی کا عمل زیادہ آسان، شفاف اور محفوظ ہوگیا ہے۔

اس تاریخی اقدام کے تحت آج لندن میں مقیم ایک پاکستانی شہری نے ضلع دینہ، پنجاب میں واقع اپنی اراضی پاکستان میں موجود خریدار کے نام منتقل کی۔ اس عمل کے دوران فروخت کنندہ کا بیان لندن سے محفوظ ڈیجیٹل لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا جبکہ رجسٹری کا تمام قانونی عمل جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اکرام الحق نے کہا ہے کہ یہ پیش رفت اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے، اراضی کے لین دین میں شفافیت کو فروغ دینے اور عوام کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس اقدام سے اراضی سے متعلق خدمات میں جدت، سہولت، تحفظ اور مؤثر طرزِ حکمرانی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے دستیاب ہے جبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اور وزارتِ خارجہ کے باہمی اشتراک سے آئندہ 30 دنوں کے دوران اس سہولت کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں تک بھی توسیع دی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز پاکستانی اس جدید اور سہل نظام سے مستفید ہو سکیں۔

پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے عوام بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں کو عالمی معیار کی شفاف، محفوظ اور شہری دوست خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔