کنگنا رناوت کا بغیر نام لیے سوناکشی سنہا پر وار؛ لباس اور بات چیت کے انداز کو ’جیب کترا‘ قرار دے دیا

کنگنا نے اپنی پوسٹ میں کسی اداکارہ کا نام نہیں لیا مگر ممکن ہے کہ اشارہ سوناکشی سنہا کی جانب ہے۔


ویب ڈیسک August 04, 2026

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت ایک بار پھر اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے باعث خبروں میں آگئی ہیں۔

کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کو جسمانی ساخت کی بنیاد پر شرمندہ نہیں کرتیں۔

تاہم اسی پوسٹ میں کنگنا نے ایک نامعلوم اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے لباس اور اندازِ گفتگو پر طنزیہ تبصرے کیے۔

کنگنا نے لکھا کہ ایک اداکارہ ان دنوں ایسے لباس پہنتی اور اس انداز میں بات کرتی ہیں جیسے ’جیب کترا‘ ہو، جبکہ وہ احتجاج کرنے والوں کے رویے کی حمایت بھی کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ اداکارہ پہلے زیادہ باوقار انداز میں لباس پہنتی اور گفتگو کرتی تھیں، تاہم اب ان کے انداز میں تبدیلی آگئی ہے۔

کنگنا نے اداکارہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اسٹائل پر توجہ دیں اور اگر انہیں مدد کی ضرورت ہو تو وہ اس سلسلے میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

کیا کنگنا نے سوناکشی سنہا کو نشانہ بنایا ہے؟

کنگنا نے اپنی پوسٹ میں کسی اداکارہ کا نام نہیں لیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے قیاس کیا کہ ان کا اشارہ سوناکشی سنہا کی جانب ہو سکتا ہے۔

سوناکشی سنہا نے گزشتہ ماہ دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے طلبہ احتجاج کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے طلبہ کے ساتھ حمایت کا اظہار کرنے کے ساتھ جین زی کی تعریف کی تھی۔

ان ہی ویڈیوز میں سے ایک میں وہ ٹی شرٹ، شارٹس اور کیپ پہنے طلبہ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کر رہی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ کنگنا کی حالیہ پوسٹ میں لباس اور احتجاج کی حمایت سے متعلق اشاروں کو بعض صارفین سوناکشی سے جوڑ رہے ہیں۔