کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم فیصلہ، نواز شریف نے پارٹی پالیسی واضح کردی

 پارٹی کے سینئر اور تجربہ کار نومنتخب ایم ایل ایز کو کابینہ میں رکھنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا


ویب ڈیسک August 04, 2026
فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کشمیر میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد حکومت سازی کے حوالے اہم فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق مہاجرین کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے لیگی ایم ایل ایز کو کشمیر حکومت کی کابینہ میں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے حکومت سازی کے لیے پارٹی پالیسی واضح کردی۔

ذرائع نے کہا کہ لیگی رہنماؤں نے پارٹی سربراہ کو مشورہ دیا کہ مہاجرین کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے ایم ایل ایز کو کابینہ میں رکھنے سے ریاست کشمیر کے خزانے پر مالی بوجھ بڑھتا ہے۔

وزارت عظمی کے لیے سینئر لیگی رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کشمیر کے سینئررہنماؤں سے حالیہ دنوں میں ہونے والی ملاقاتوں میں پارٹی پالیسی واضح کردی گئی، مسلم لیگ ن کشمیر کے سینئر رہنماؤں نے بھی وزرات عظمیٰ کی نشست کے لیے لابنگ شروع کردی۔

ذرائع نے کہا کہ کشمیر میں حکومت سازی کےلیے مختصر کابینہ رکھی جائے گی، پارٹی کے سینئر اور تجربہ کار نومنتخب ایم ایل ایز کو کابینہ میں رکھنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔