گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا بھی 8اگست سے ہڑتال کا اعلان

ڈیزل کی روزانہ قیمت تبدیل ہونے سے کاروبار کرنا ممکن نہیں، ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا، عہدیداران


ویب ڈیسک August 04, 2026

اسلام آباد:

گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھی 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ حکومت ڈیزل کی روزانہ قیمت تبدیل کر رہی ہے، جس کی وجہ سے کاروبار کرنا ممکن نہیں ہے، ہم روزانہ کی بنیاد پر ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی برداشت نہیں کر سکتے۔

عہدیداران نے کہا کہ ٹول ٹیکس 250 سے بڑھا کر 750 کر دیا گیا ہے جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو 7 فیصد سے کم کر کے دو فیصد پر لایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی پر ایک کارٹن بھی غیر کسٹم شدہ ہوگا تو گاڑی ضبط کرنے کا کہہ دیا گیا ہے، اگر کوئی ایسا کارٹن ہو تو پرانے قانون کی طرح 20 فیصد جرمانہ کرکے گاڑی کو چھوڑا جائے لیکن اس وقت حکومت نے ایکسل لوڈ گاڑیوں کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔

عہدیداران کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ لوڈ شدہ گاڑیوں کو فیکٹریوں سے لوڈنگ کے دوران روکا جائے، ہیوی لوڈ ہوئی گاڑی سے اس وقت حکومت چالان کی مد میں منافع کما رہی ہے، ایچ ٹی وی لائسنسگ کے لیے ہمارے ڈرائیورز کے لیے بہت مشکلات کر دی ہیں۔

آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کے لیے کام کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹول ٹیکس 2024 کے ٹیکس پر واپس لایا جائے، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم 8 اگست کو ملک گیر ہڑتال کریں گے، ہمارے لیے ممکن نہیں کہ ایسی سختیوں کے ساتھ مزید کاروبار کیا جائے۔

دوسری جانب، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان کی وفد کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی موٹروے جاوید اکبر ریاض سے ملاقات ہوئی۔ وفد میں ملک شبر خان، چوہدری قمر زمان گل، بختاور خان، محمد پناہ اور محمد رؤف شامل تھے۔

ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ آئی جی موٹروے چوہدری سلطان کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی موٹروے نے ہم سے ملاقات کی۔ موٹروے پولیس کے ناجائز جرمانوں اور ایکسل لوڈ پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایکسل لوڈ کے قانون پر یکساں اور منصفانہ انداز میں سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اوورلوڈنگ کو روکنے کے لیے موٹروے پولیس ہر طرح کا کردار ادا کرے گی، 10 ویلر گاڑیوں کو مناسب وزن دینے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دسمبر کی ملک گیر ہڑتال میں سیکریٹری کمیونیکیشن، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹروے نے جو وعدے کیے اس پر گفتگو ہوئی۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر کا کہنا تھا کہ 8 آگست کو ہماری ملک گیر پرامن ہڑتال ہوگی، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں ہمارے مطالبات تسلیم کریں۔