فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چییئرمین راشد محمود لنگڑیال نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ زیرالتوا ٹیکس ریفنڈز جلد ادا کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کراچی میں ایف پی سی سی آئی اور پی بی سی کے وفود سے ملاقاتیں کیں جہاں کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس نظام کو آسان اور کاروبار دوست بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور زیر التوا ٹیکس ریفنڈز جلد ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے جائز کاروباری اداروں کو ہراساں نہ کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں اور ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ اور شفاف رویہ اختیار کرنے کی تاکید کی۔
چیئرمین ایف بی آر نے کاروباری برادری کے مسائل پر موقع پر ہی متعلقہ ہدایات جاری کیں، ایف بی آر اور کاروباری برادری کے درمیان مستقل رابطوں پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر مسائل کے حل کے لیے ایف بی آر اور کاروباری نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایف پی سی سی آئی اور پی بی سی کا وزیراعظم کے اقدام اور چیئرمین ایف بی آر کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔