بھارتی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کے سینئر اداکار پردیپ راوت طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اپنی منفرد شخصیت، گہری آواز اور طاقتور منفی کرداروں کے باعث وہ بھارتی سنیما میں ایک الگ مقام رکھتے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پردیپ راوت گزشتہ ایک ماہ سے کینسر کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے منیجر سدھارتھ تیواری نے تصدیق کی کہ اداکار کا کینسر دوبارہ شدت اختیار کر گیا تھا اور اسی بیماری کے باعث وہ دنیا سے رخصت ہو گئے۔
مرحوم اپنے پسماندگان میں اہلیہ اور بیٹے وکرم آدتیہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد فلمی شخصیات اور مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اداکار یشپال شرما، جنہوں نے فلم ’لگان‘ میں پردیپ راوت کے ساتھ کام کیا تھا، نے انسٹاگرام پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی فنی خدمات کو سراہا۔
پردیپ راوت نے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز معروف پروڈیوسر بی آر چوپڑا کے شہرۂ آفاق تاریخی ڈرامے ’مہابھارت‘ میں اشوتھاما کا کردار ادا کرکے کیا، جس نے انہیں ملک بھر میں پہچان دلائی۔ بعد ازاں انہوں نے فلمی دنیا کا رخ کیا اور اپنی جاندار اداکاری کے باعث ولن کے کرداروں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔
انہوں نے عامر خان کی سپر ہٹ فلم ’گجنی‘ میں خوفناک ولن کا کردار نبھا کر شائقین کو متاثر کیا، جبکہ فلم ’لگان‘ میں ان کا کردار دیوا بھی خاصا پسند کیا گیا۔ اس کے علاوہ ’راؤڈی راٹھور‘ اور جنوبی بھارت کی کامیاب فلم ’سائے‘ سمیت متعدد فلموں میں ان کی اداکاری کو ناقدین اور مداحوں نے بھرپور سراہا۔
پردیپ راوت کے انتقال سے بھارتی فلم انڈسٹری ایک ایسے فنکار سے محروم ہو گئی ہے، جس نے ٹیلی ویژن اور سنیما دونوں میدانوں میں اپنی منفرد اداکاری سے دیرپا نقوش چھوڑے۔